نئی دہلی، 19 نومبر (یو این آئی) پہلے سکھ گرو نانک دیو جی کے 552 ویں یوم پیدائش کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ان کسانوں سے معافی مانگی جو ایک سال سے زیادہ عرصے سے احتجاج کر رہے ہیں اور تین متنازعہ زرعی قوانین کو واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔ احتجاج کرنے والے کسانوں سے گھر واپس ہونے کی اپیل کی۔
جمعہ کی صبح قوم کے نام ایک پیغام میں مسٹر مودی نے کہاکہ "آج ہم وطنوں سے معافی مانگتے ہوئے میں سچے دل اور صاف دل سے کہنا چاہتا ہوں کہ شاید ہماری تپسا میں کوئی کمی رہ گئی ہوگی۔ جس کی وجہ دیئے کی روشنی
جیسی سچائی کو ہم بھائیوں کو سمجھا نہیں پائے۔ آج گرو نانک دیو جی کی روشنی کا مقدس تہوار ہے۔ یہ وقت کسی پر الزام لگانے کا نہیں ہے۔ آج میں آپ کو اورپورے ملک کو بتانے آیا ہوں کہ ہم نے تینوں زرعی قوانین کو واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ماہ کے آخر میں شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے اجلاس میں ہم ان تینوں زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کے لیے آئینی عمل کو مکمل کریں گے۔
انہوں نے مشتعل کسانوں پر زور دیا کہ وہ گرو پرو کے موقع پر ایجی ٹیشن ختم کریں اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ تہوار منائیں اور کھیتوں میں کام شروع کریں۔