کابل، 26 اگست (یو این آئی)امریکی فوج نے کہا ہے کہ کابل ایئرپورٹ کے باہر زور دار دھماکہ ہوا ہے جہاں انخلا کے انتظارمیں ہزاروں افرادموجود ہیں۔
خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق پنٹاگن کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ ‘کابل ایئرپورٹ کے باہر دھماکے کی تصدیق کر رہے ہیں تاہم اس وقت ہلاکتوں کے بارے میں تعین نہیں ہوسکا’۔
امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے کہا تھا کہ خفیہ اطلاع ہے کہ کابل ایئرپورٹ پر بم دھماکہ ہوسکتا ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے بیان میں جان کربی نے کہا کہ
کابل ائیرپورٹ کے باہر دھماکہ ہوا ہے تاہم دھماکے میں کسی جانی نقصان کے متعلق ابھی کوئی خبر نہیں ہے۔
دوسری جانب برطانوی میڈیا نے ایک امریکی اہلکار کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ یہ دھماکہ خودکش ہے۔
خیال رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب کابل کے حامد کرزئی بین الاقوامی ائیرپورٹ پر ہزاروں افغان شہری ملک سے فرار ہونے کے لیے جمع ہیں۔ائیرپورٹ پر امریکی اور برطانوی فوجیوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے جو کہ اپنے شہریوں اور عملےکا محفوظ انخلا یقینی بنانے کی کوشش کررہی ہے۔