پٹنہ 09 نومبر ( یواین آئی ) بھارتیہ جنتاپارٹی ( بی جے پی ) نے آج دعویٰ کیا کہ انتخاب کے بعد سروے ( ایگزٹ پول) میں مہا گٹھ بندھن کو آگے بتایاجارہا ہے لیکن کل ووٹوں کی گنتی کے بعد جب انتخابی نتائج آئیںگے تو وہ قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) کے حق میں ہوںگے بی جے پی کے قومی ترجمان سید شاہنواز حسین نے آج کہاکہ بہا رمیں ختم ہوئے تینوں مراحل کے انتخاب میں وزیراعظم نریندر مودی اور وزیراعلیٰ نتیش کمار کے تئیں لوگوں میں کافی جوش وخرش دیکھنے کو ملا اور کثیر تعداد میں رائے دہندوں نے این ڈی اے کے حق میں ووٹ کیا ہے ۔ حالانکہ آخری مرحلہ کی ووٹنگ کے بعد 07 نومبر کی شام جو ایگزٹ پول دکھائے گئے تھے اس میں سبقت بھلے ہی مہا گٹھ بندھن کو ہو لیکن دس نومبر کو ایگزیکٹ
پول ( حقیقی رائے شمای ) کے نتائج این ڈی اے کے حق میں ہوںگے ۔ انہوں نے کہاکہ کل ہی دو پہر 12 بجے تک یہ طے ہو جائے گاکہ بہار میں اکثریت سے این ڈی اے کی حکومت بننے جارہی ہے ۔ اور مسٹر نتیش کمار پھر سے بہار کے وزیراعلیٰ عہدہ کی کمان سنبھالیںگے ۔
مسٹر حسین نے کہاکہ سبھی کو یاد ہوگاکہ سال 2015 میں ایگزٹ پول میں این ڈی اے کی حکومت بننے کے اشارے کئے گئے تھے لیکن اس وقت یہ غلط ثابت ہوا تھا۔ اس وقت این ڈی اے میں جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو ) شامل نہیں تھی ۔ انہوں نے کہاکہ اسی طرح اب تک کئی ایگزٹ پول غلط ثابت ہوچکے ہیں۔ اس کے پیچھے کی وجہ ایگزٹ پول کا سیمپل سائز ہوتاہے جو کہ ریاست کی آبادی کے حساب سے کافی چھوٹا ہوتا ہے اس لئے حقیقی صورتحال کا ادراک نہیں ہو پاتاہے ۔