نئی دہلی، 5 مئی (ایجنسی) دہلی ریاستی کانگریس کی صدر شیلا دکشت نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے خلاف وزیر اعظم نریندر مودی کے تبصرے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تبصرے سے ملک کے عوام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور مسٹر مودی کو اس کے لئے معافی مانگنی چاہئے ۔
محترمہ دکشت نے اتوار کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ مسٹر مودی کی قابل اعتراض زبان ایک وزیر اعظم کے وقار کے مطابق نہیں ہے اور اس سے عوام کے درمیان ان کی شبیہ ہی خراب ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ
’’راجیو جی کے خلاف وزیراعظم مودی کا تبصرہ ایک شہری معاشرے کو قابل قبول نہیں ہے۔ انہیں اپنے الفاظ واپس لینے چاہئیں اور ملک کے عوام سے معافی بھی مانگنی چاہئے‘‘۔
تین بار دہلی کی وزیر اعلی رہیں محترمہ دکشت نے کہا کہ ملک اور معاشرے کے لئے اپنی جان قربان کرنے والے سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کی مسٹر مودی نے جو توہین کی ہے، وہ کانگریس ہی نہیں بلکہ ملک کے عوام کی بھی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے عوام لوک سبھا انتخابات میں مسٹر مودی اور بی جے پی کو سبق سكھائیں گے۔