نئی دہلی، 5 فروری (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ حکومت نے اجودھیا میں رام جنم بھومی پر خوبصورت مندر کی تعمیر کے لئے ٹرسٹ کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔
مسٹر مودی نے یہاں بدھ کو لوک سبھا کے اجلاس شروع ہونے پر یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر حکومت نے ٹرسٹ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ٹرسٹ کا نام’ شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر‘ ہوگا۔ اس میں سبھی پنتھوں کے
لوگوں کو شامل کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ ان کی صدارت میں مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں یہ اہم فیصلہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ بھی فیصلہ ہوا ہے کہ سنی وقف بورڈ کو بھی اس کے حصے کی زمین الاٹ کی جائے گی۔ ریاستی حکومت کو اس سلسلہ میں درخواست بھیج دی گئی ہے اور اس نے اس پر عمل کرنے کی رضامندی بھی ظاہر کی ہے۔
اس اعلان کے بعد حکمراں فریق کے ارکان نے میزیں تھپتھپا کر اس کا خیر مقدم کیا۔