نیوزی لینڈ/23مارچ(ایجنسی) نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے کرائسٹ چرچ کی دو مسجدوں میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد ملک کی صورت حال کو جس بخوبی انداز میں سنبھالا، اس کی دنیا بھر میں ستائش ہو رہی ہے۔ متاثرہ کنبوں سے اظہار تعزیت کے لئے ان سے ملاقات کرتے وقت انہوں نے اپنے سر کو ڈھانپ رکھا تھا اور سیاہ کپڑے زیب تن کر رکھے تھے۔ انہوں نے گلے لگا کر متاثرہ کنبوں کو تسلی دی اور انہیں ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی۔
نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے دبئی میں جمعہ کے روز دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پران کی تصویر آویزاں کی گئی۔ یہ اقدام کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں دہشت گردانہ حملوں کے بعد آرڈن کی جانب سے مسلم کمیونٹی کے لئے ہمدردی اور یکجہتی کے شان دار مظاہرے پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے اور شکریہ ادا کرنے کے واسطے کیا گیا۔