ابوہر، 17 فروری (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو کانگریس اور عام آدمی پارٹی پر سخت حملہ کرتے ہوئے عوام بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں ریاست کا چہرہ بدلنے کے لئے فخرکے ساتھ ووٹ ڈالنے نکلیں، کیونکہ یہ الیکشن ریاست کے حال اورمستقبل کا فیصلہ کریں گے۔
مسٹر مودی نے آج پنجاب کے فاضلکا میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے امیدواروں کی حمایت میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرحدی ریاست ہونے کے ناطے پنجاب کو ایک پرعزم، وقف قوم پرست اور مضبوط ڈبل انجن والی حکومت کی ضرورت ہے۔ نہ کہ ڈھل مل یقین والی۔ پنجاب کی یکجہتی، سالمیت اور سلامتی ایسے ہاتھوں کے حوالے نہیں کی جا سکتی۔ ریاست کو بارڈراسٹیٹ ہونے کی وجہ سےبہت سے
چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ کچھ طاقتیں ریاست کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں۔
کانگریس پر نشانہ لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس نے کسانوں کو دھوکہ دیا ہے اور کانگریس حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے صنعتیں ہجرت کر رہی ہیں اور سرمایہ کاری واپس ہوگئی۔ اگر آپ بی جے پی کو پانچ سال کا موقع دیتے ہیں تو پنجاب سے ریت مافیا سے لے کر شراب مافیا کی پنجاب سے وداعی یقینی ہے۔ نئی سوچ اور نئے وژن کی آمد سے سرمایہ کاری اور نقل مکانی کرگئی صنعتوں کو واپس لایا جائے گا۔ مافیا کے خوف سے کوئی نئی انڈسٹری یہاں آنے کو تیار نہیں۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اگر مجھے پانچ سال کا موقع دیا گیا تو مافیا کا صفایا ہو جائے گا اور نوجوانوں کا پنجاب چھوڑ کرباہرجانا بند ہو جائے گا۔ اس صورتحال کو صرف مودی ہی بدل سکتاہے۔