نئی دہلی27 اگست(ایجنسی) لوک تانترک جنتا دل کے سینئر لیڈر شرد یادو نے آج کہا کہ الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے سلسلے میں عوام میں شکوک ہیں لہٰذا اس کو ملحوظ رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن کو مستقبل میں انتخابات ballot paper بیلیٹ پیپر سے کرانا چاہئے۔
یادو نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جمہوریت میں عوام سب سے برترہیں اور ای وی ایم سے انتخاب کرانے کو لیکر ان کے ذہن میں کئی قسم کے سوالات پیدا ہو گئے ہیں ایسے میں الیکشن کمیشن کو انہیں مطمئن کرنے کے اقدام کرنے چاہیں یا انتخابات بیلیٹ پیپر کے ذریعہ
کر انا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ ای وی ایم پر شک کی وجہ سے عوام کی بڑی تعداد رائے دہی کے لئے پولنگ بوتھوں تک نہ آئے اور انتخابات میں حصہ ہی نہ لیں تو یہ کسی بھی صورت میں مناسب نہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ای وی ایم کی تیار ی میں اہم کردار ادا کرنے والے کئی ممالک بھی بیلیٹ پیپر سے ہی انتخابات کراتے ہیں۔
یادو نے کہا کہ ای وی ایم سے انتخابات کرانے کے سلسلے میں سپریم کورٹ نے بھی ایک فیصلہ دیا ہے جسے اب تک نافذ نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے موجود ہ نظام کی خامیوں کو لیکر ان کی پارٹی جلد ہی ریلی کریگی۔