نئی دہلی، 30 جنوری (یو این آئی) الیکشن کمیشن نے مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کو جمعرات کے دن نوٹس جاری کیا۔
کمیشن نے مسٹر کیجریوال کو یہ نوٹس بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی دہلی یونٹ کے رہنما نیرج کی جانب سے 14 جنوری کو درج کی گئی شکایت کی تفتیش کے بعد جاری کیا ہے۔ شکایت میں کہا گیا تھا کہ دہلی بار اسوسی ایشن کی جانب سے تیس ہزاری
عدالت میں مکر سنکراتی اور لوہڑی تیوہار کے موقع پر 13 جنوری کو وکیلوں کے سامنے مسٹر کیجریوال نے دہلی کے وزیر اعلیٰ ہونے کے ناطے اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا،’ اگر عدالت کے احاطے میں زمین مہیا کروائی جائے تو محلہ کلینک بنایا جائے گا‘۔
غور طلب ہے کہ دہلی اسمبلی انتخابات کا اعلان چھ جنوری کو کیا گیا تھا اور اسی دن سے پورے ریاست میں مثالی ضابطہ اخلاق نافذ ہے۔ دہلی میں آٹھ فروری کو ووٹنگ ہوگی اور نتائج کا اعلان 11 فروری کو کیا جائے گا۔