نئی دہلی 31 مئی (ایجنسی) اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج اپنی وزارت کی دوسری میعاد کی ذمہ داری اس عزم اور ارادے کے ساتھ سنبھال لی کہ وہ تعلیم، روزگار اور اختیارات کے محاذ پر اقلیتوں کی امنگوں کی تکمیل کو اولین ترجیح دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سب کا ساتھ، سب کا وکاس کے ساتھ اور سب کا وشواش کےحوالے سے وزیر اعظم نریندر مودی نے کل جس عہد کی تجدید کی ہے اُسے پورا کرنے میں وزارت اقلیتی
امور اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی تاکہ ملک کی خوشحالی اور ترقی میں سب کا حصہ یقینی بن سکے ۔
مسٹر نقوی نے اس موقع پر موجود نامہ نگاروں کا اس بات کے لئے شکریہ ادا کیا کہ ان کی وزارت کی بہبود رخی کارکردگی کو مثبت طریقے سے اجاگر کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات موجب اطمینان ہے اقلیتوں کوسیاسی استحصال کی جگہ اب اپنی سماجی، اقتصادی اور تعلیمی امنگوں کو پورا کرنے میں حکومت کی طرف سے عملی تعاون حاصل ہے۔