نئی دہلی، 20 جون (یو این آئی) کانگریس نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) پر پارٹی لیڈر کی شبیہ کو خراب کرنے کے لئے کچھ میڈیا ہاؤسز کو منتخب معلومات لیک کرنے کا الزام لگایا ہے کانگریس کے ترجمان اجے ماکن نے پیر کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی حکومت مسٹر راہل گاندھی کے خلاف تحقیقات کو متاثر کرنے کے لیے یہ کہانی گھڑ رہی ہے مسٹر ماکن کا یہ تبصرہ نیشنل ہیرالڈ کیس میں مسٹر راہل گاندھی کے چوتھی بار ای ڈی کے سامنے پیش ہونے کے بعد آیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت ہمارے لیڈروں کی شبیہ کو خراب کرنے کے لیے جھوٹی اور چنیدہ خبریں اور معلومات لیک کر رہی
ہے۔
مسٹر ماکن نے کہاکہ نیشنل ہیرالڈ کیس ایسا مسئلہ ہے جس میں کسی کو ایک پیسے کا بھی فائدہ نہیں ہوا ہے لیکن پھر بھی ہمارے لیڈر کو مسلسل چوتھے دن بلایا گیا ہے، جو پارٹی کی شبیہ کو خراب کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن اور ای ڈی کا استعمال کرکے اپوزیشن کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ای ڈی کو بی جے پی کا الیکشن مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ای ڈی کے تحت 5,422 معاملے ہیں اور ان میں سے 5,310 کیس مودی حکومت نے گزشتہ سال درج کیے ہیں۔انہوں نے جوابی سوال کرتے ہوئے کہا کہ کیا اس سے ایسا نہیں لگتا کہ ای ڈی اب الیکشن مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ بن گیا ہے؟‘‘ ۔