حیدرآباد،31اگست(ایجنسی) صدرنشین تلنگانہ مائناریٹی ڈپارٹمنٹ کانگریس شیخ عبداللہ سہیل،صدر گریٹر حیدرآباد مائناریٹی سیل ولی اللہ سمیر، ترجمان تلنگانہ کانگریس کمیٹی سید نظام الدین نے سکریٹریٹ میں نائب صدرنشین و ایم ڈی تلنگانہ ہوزنگ کارپوریشن سے ملاقات کرتے ہوئے ایک میمورنڈم حوالے کیا۔
بعدازاں ان لیڈران نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے حکومت کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے ڈبل بیڈ روم مکانات میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کیلئے 2015 میں تلنگانہ حکومت نے دیہی
علاقوں میں 7 فیصد ریزرویشن اور شہری علاقوں میں 12فیصد ریزرویشن دینے کا وعدہ کیا تھا اس میں اضافہ کرنے کی نمائندگی کرتے ہوئے اس بات کا مطالبہ کیا کہ دیہی علاقوں میں 12فیصد اور شہری علاقوں میں 20 فیصد ریزرویشن دیئے جائیں کیونکہ اس وقت حکومت نے جب جی او جاری کیا تھا ریاست میں 10 اضلاع تھے اب اس میں اضافہ ہوتے ہوئے 33اضلاع ہوچکے ہیں۔
اضلاع میں اضافہ کو مدنظر رکھتے ہوئے اور 2011 کی مردم شماری کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت ڈبل بیڈ روم مکانات میں ریزرویشن میں اضافہ کرتے ہوئے اقلیتوں کے ساتھ انصاف کرے۔