ماچھی واڑہ صاحب، 6 جنوری (یو این آئی) پنجاب کے وزیر اعلی چرنجیت سنگھ چننی نے کہا ہے کہ پنجابیوں نے ملک کے لیے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کیا۔ پنجاب اور پنجابیوں کی حب الوطنی پر انگلی اٹھانے کا حق کسی کو نہیں ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے کل فیروز پور سے خطاب کیے بغیرواپس چلے جانے کے واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹرچننی نے آج یہاں دانا منڈی میں کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ریلی کے مقام پر صرف 700 لوگ ہی پہنچے تھے جس نے وزیر اعظم کو اپنے قدم پیچھے کھینچنے کو مجبورکیا اوربعد میں وزیر اعظم کی سیکورٹی کو خطرے کابہانہ بناتے ہوئے الزام
حکومت پنجاب پر لگادیا گیا۔
مسٹر چنی نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ وزیر اعظم کی طے شدہ ریلی سے پانچ دن پہلے، اسپیشل پروٹیکشن گروپ (ایس پی جی) نے لینڈنگ اسپاٹ، ریلی کی جگہ اور ہر سیکیورٹی کی تفصیلات حاصل کی تھیں لیکن بعد میں وزیر اعظم کا قافلہ اچانک بذریعہ سڑک جانے کا فیصلہ کیاجو ایس پی جی کی طرف سے صاف کیا گیا تھا۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اگروزیراعظم کو کوئی خطرہ ہے تو ہرپنجابی محب وطن ہونے کے ناطے اپنا خون بہانے اور گولیوں کاسامنا کرنے کو تیار ہے۔ پنجابی ماضی میں بھی ملک کی شان اور وقار کی بحالی کے لیے قربانیاں دیتے رہے ہیں۔