نئی دہلی، 13 جون (یو این آئی) وزارت اطلاعات و نشریات نے پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کو ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آن لائن بیٹنگ پلیٹ فارم کے فروغ سے متعلق اشتہارات سے پرہیز کریں۔
پیر کو جاری کردہ ایک بیان میں وزارت نے کہا کہ یہ ایڈوائزری پرنٹ، الیکٹرانک، سوشل اور آن لائن میڈیا میں آن لائن بیٹنگ ویب سائٹس اور پلیٹ
فارمز کے اشتہارات کے کئی معاملات کے بعد جاری کی گئی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ملک کے بیشتر حصوں میں سٹے بازی اور جوا کھیلنا غیر قانونی ہے اور صارفین بالخصوص نوجوانوں اور بچوں کو اس سے بہت زیادہ مالی اور سماجی و اقتصادی خطرات لاحق ہیں۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ یہ اشتہارات آن لائن بیٹنگ جیسی ممنوعہ سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔