کولمبو، 16 جولائی (یو این آئی) سری لنکا کے کارگذار صدر رانیل وکرما سنگھے نے ہفتہ کو کہا کہ حکومت نے ملک میں معاشی بحران کے درمیان لوگوں کو ایندھن، گیس اور ضروری غذائی اشیاء کی فراہمی کے پروگرام کو فوری طور پر نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مسٹر وکرما سنگھے نے کہا کہ یہ فیصلہ وزراء اور ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ میٹنگ میں کیا گیا۔
اجلاس میں اگست میں پیش کیے جانے والے ریلیف بجٹ سے اضافی فنڈز استعمال کرنے کا
فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں ایندھن اور کھاد کی باقاعدگی اور فوری دستیابی پر خصوصی توجہ دی گئی۔اس کے ساتھ ساتھ ملک میں تاجروں کے لیے ضروری ماحول پیدا کرنے کا منصوبہ بھی بنایا گیا تاکہ وہ بغیر کسی دقت کے کاروبار کر سکیں۔
مسٹر وکرما سنگھے نے یہ بھی کہا کہ حکومت مخالف مظاہرین کی طرف سے پیش کردہ ایک پلان کو ایک اچھا منصوبہ تسلیم کیا گیا ہے۔ اس تحریک نے صدر گوٹابایا راجا پکسے کو ملک سے فرار ہونے پر مجبور کر دیا۔