نئی دہلی،20اپریل (یو این آئی)کانگریس نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن سے ملک کا غریب زیادہ پریشان ہےاس لئے معذور،بزرگ،بیوہ خاتون،وزیر اعظم کسان یوجنا اور جن دھن کھاتہ داروں کے کھاتے میں فوری طور پر ساڑھے سات ہزار روپے جمع کیا جانا چاہئے تاکہ لاک اؤن کے دوران غریبوں کوپریشانیوں کا سامنانہ کرنا پڑے۔
کانگریس ترجمان جے رام رمیش نے پیر کو یہاں پارٹی دفتر میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا یہ طبقہ سب سے زیادہ پریشان ہے۔ان کی مشکلات میں لاک ڈاؤن کے سبب مسلسل اضافہ ہوتاجا رہا ہے۔اس لئے حکومت کو ان کے کھاتے میں ساڑھے سات ہزار روپے فوری جمع کرنا
چاہئے۔
سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت میں تشکیل دی گئی لیول کونسلنگ بورڈ کی پہلی میٹنگ کے بعد صحافیوں کے سوالوں پر مسٹر رمیش نے کہا کہ مرکزی حکومت کے پاس رقم کی کمی نہیں ہے۔اس لئے فوری ان کھاتوں میں ساڑھے سات ہزار روپے جمع کیا جاناچاہئے۔
ترجمان نے کہا کہ مشاورت بورڈ نے ان تمام نکات پر سنجیدگی سے غور کیااور کہا کہ پارٹی اس تعلق سے جلد ہی مرکزی حکومت کو اپنی تجویز بھیجے گی۔یہ پوچھنے پر کہ ان کھاتوں میں 7500روپے جمع کرنے کے لئے حکومت کو کل کتنی رقم کی ضرورت ہوگی،انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام غریبوں اور متاثرہ افراد کی مدد کرنا ہے۔اس لئے حکومت کو کہیں سے بھی فنڈ کا انتظام کرنا چاہئے۔