بھوپال، 21 مارچ (یو این آئی) کانگریس کے سابق جنرل سکریٹری دگ وجئے سنگھ نے ہندوستانی انتظامی سروس کے افسر نیاز خان کی طرف سے ’دی کشمیر فائلز‘ کے ہدایت کار وویک اگنی ہوتری کو دی گئی اس تجویز کی حمایت کرتے ہوئے آج کہا کہ اگر فلم کی کمائی کشمیری پنڈتوں کو دی جاتی ہے تو کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔
مسٹر سنگھ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مسٹر خان کی طرف سے یہ ایک اچھی تجویز ہے۔ اگر فلم کی کمائی کشمیری پنڈتوں کے بچوں کی تعلیم اور ان کے مفاد کے لئے دی جاتی ہے تو کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ اس کے ساتھ انہوں نے مسٹر خان کی طرف سے کل مسٹر اگنی ہوتری کودی گئی تجویز سے متعلق ایک خبر کا لنک بھی پوسٹ کیا ہے۔
تاہم،
مسٹر سنگھ ایک بار پھر اپنے اس ٹویٹ کو لے کر ٹرولرز کی تنقید کی زد میں آگئے ہیں۔
دراصل، انتظامی افسر مسٹر خان گزشتہ دو دنوں سے اپنے ٹویٹس کے تعلق سے خبروں میں ہیں۔ گزشتہ روز انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھاکہ 'دی کشمیر فائلز' کی کمائی تقریباً 150 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ فلم کے ڈائریکٹر کو اس فلم سے حاصل ہونے والی رقم کشمیری پنڈتوں کے بچوں کی بحالی میں لگا دینی چاہیے۔ ان کےاس ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے مسٹر اگنی ہوتری نے کہا کہ تھا کہ مسٹر خان انہیں ملاقات کا وقت دے دیں، تاکہ وہ آپس میں بات کریں کہ وہ کشمیری پنڈتوں کی کس طرح مدد کرسکتے ہیں اور مسٹر خان اپنی کتابوں کی رائلٹی سے اوربطور انتظامی سروس آفیسرمدد کرسکتے ہیں۔