اندور ،15جنوری (یواین آئی)کانگریس کے سینئر لیڈر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلی دگ وجے سنگھ نے آج کہاکہ جس ڈاکٹر ذاکر نائک کو غدار قراردیکر اس پر مقدمے دائر کیے گئے ہیں ،اس ذاکر نائک کے متنازعہ بیان کی تردیدوزیرا عظم نریندرمودی اور مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ نے کیوں نہیں کی ۔
مسٹرسنگھ نے یہاں صحافیوں سے کہاکہ حال ہی میں ذاکر نائک نے ایک بیان جاری کرکے دعوی کیاہے کہ مسٹر مودی
اور مسٹر شاہ کے ثالث بنے افسران نے ستمبر 2019میں اس سے رابطہ کرکے جموں کشمیر سے متعلق مرکزی حکومت کے فیصلہ کی حمایت کرنے کامطالبہ کیاتھا۔
مسٹر سنگھ نے کہاکہ ذاکر نائک نے یہ بھی دعوی کیاہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے اس سے ملنے والے افسران نے دفعہ 370ختم کیے جانے کے فیصلہ کی حمایت کرنے کے عوض میں اس پر دائر کیے گئے سبھی مقدمات ہٹانے اور ہندستان واپسی میں مددکرنے کی یقین دہانی بھی کرائی تھی ۔