نئی دہلی، 22 مارچ (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ حکومت پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کے لیے صرف پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات ہونے کا انتظار کر رہی تھی اور انتخابات ختم ہوتے ہی اس نے غریبوں کو لوٹنا شروع کر دیا ہے۔
راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملک ارجن کھڑگے، لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری، راجیہ سبھا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما، کانگریس کے میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام پر حکومت نے بہت
زیادہ بوجھ ڈالا ہے اور اس سے اس کی غریب مخالف پالیسی کا انکشاف ہوا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 80 پیسے کا اضافہ کر کے اس حکومت نے عوام کے 10 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم اپنی جیب میں ڈال دیے ہیں۔
مسٹر کھڑگے نے کہا کہ حکومت تیل پر ٹیکس بڑھا کر غریبوں کو لوٹ رہی ہے۔ اس مسئلے پر پارٹی کی جانب سے شکتی سنگھ گوہل نے ضابطہ 267 کے تحت نوٹس دیا تھا اور پارٹی وہ مسئلہ اٹھا رہی تھی لیکن اسپیکر نے ایوان کی کارروائی ایک گھنٹے کے لیے ملتوی کر دی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس یہ مسئلہ ایوان میں اٹھانا چاہتی تھی لیکن اسے اس کا موقع نہیں دیا جا رہا ہے۔