نئی دہلی، 30 جنوری (یواین آئی) دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے مغربی دہلی سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایم پی پرویش صاحب سنگھ ورما کے انہیں دہشت گرد کہنے کے بیان پر جمعرات کو کہا کہ پانچ سال تک انہوں نے بیٹا بن کر دہلی کے لوگوں کے لئے کام کیا ہے اوراب دارالحکومت کے لوگوں کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ وہ ان کے بیٹے ہیں یا دہشت گرد۔
مسٹر کجریوال نے میڈیا سے بات چیت میں کہا’’بی جے پی والے کہہ رہے ہیں کہ کجریوال دہشت گرد ہے۔ میں نے پانچ سال آپ کا بیٹا بن کر کام کیا ہے۔یہ فیصلہ میں آپ پر چھوڑتا ہوں کہ میں آپ کا بیٹا ہوں یا دہشت گرد‘‘۔انہوں
نے کہا’’اب دہلی کے عوام کو طے کرنا ہے کہ کیا میں دہشت گرد ہوں یا میں ان کا اپنا بیٹا ہوں جس نے اپنی دہلی کے لئے اسکول اور اسپتال بنائے‘‘۔
عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر نے کہا’’میں نے دو بار ملک کے بدعنوان لوگوں کے خلاف بھوک ہڑتال کی ہے۔میں نے 15-15 دن کا انشن کیا ہے۔ میں نے ملک کے لئے اپنی جان داؤ پر لگائی تھی۔ بی جے پی مجھے آج دہشت گرد بول رہی ہے‘‘۔
انہوں نے کہا’’سرحد پر شہید ہونے والے جوان کے خاندان کو میں نے ایک کروڑ روپے دیئے۔جوان کی شہادت کے بعد خاندان کی ذمہ داری اپنے کندھوں پر لی۔ بدلے میں بی جے پی مجھے دہشت گرد کہہ رہی ہے۔