نئی دہلی، 10مئی (یوا ین آئی) راجدھانی دہلی۔این سی آر میں اتوار کو موسم نے اچانک کروٹ لی اور کئی علاقوں میں تیز آندھی اور بارش کی چھینٹیں پڑیں۔
دہلی، نوئیڈا، غازی آباد اور گروگرام میں آج کئی علاقوں میں تیز آندھی اور دھول بھری ہواوں سے دن میں اندھیرا چھا گیا۔ آندھی طوفان کی وجہ سے چاروں طرف دھول اڑتی نظر آئی اور دن میں رات کے اندھیرے کا احساس ہوا۔ سڑکوں پر گاڑیوں کو
آگے بڑھنے کے لئے لائٹ جلانی پڑی۔ آندھی طوفان کی رفتار بہت تیز تھی۔ کئی علاقوں میں آندھی کی وجہ سے گھروں کی چھتوں سے کپڑے اڑتے نظر آئے۔ ایک طرف جہاں دھول بھری آندھی اورطوفان سے اندھیرا چھا گیا تو وہیں دوسری طرف کچھ مقامات پر بارش ہونے سے لوگوں کو گزشتہ کئی دنوں سے جاری حبس بھری گرمی سے راحت ملی۔
خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے دس مئی کے بعد موسم میں تبدیلی اندازہ ظاہر کیا تھا۔