نئی دہلی، 10 جون(ایجنسی) دہلی میں پیر کے دن گرمی سے لوگوں کے پسینے چھوٹ گئے اور درجہ حرارت پہلی مرتبہ 48 ڈگری سیلیس سے زیادہ پہنچ گیا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ دہلی کے پالم علاقے میں واقع محکمہ موسمیات مرکز پر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت آج 48 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا جو معمول سے آٹھ ڈگری زیادہ ہے۔ محکمہ کے ایک افسر نے کہا ہے کہ یہ پالم میں اب تک درج سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔ جون مہینے کا گزشتہ ریکارڈ 9 جون 2014 کو 8ء47 ڈگری سیلسیس رہا تھا۔ پالم میں کم از کم درجہ حرارت 2ء30 ڈگری سیلسیس رہا جو معمول سے دو ڈگری زیادہ ہے۔
وہیں صفدر جنگ محکمہ موسمیات پر بھی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 6ء45 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا جو
معمول سے چھ ڈگری زیادہ ہے۔ صفدر جنگ مرکز پر کم سے کم 11 سال کا ریکارڈ ٹوٹا ہے۔ سال 2009 سے اب تک جون مہینے میں اتنا زیادہ درجہ حرارت نہیں درج کیا گیا تھا۔ اس مرکز پر ریکارڈ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 17 جون 1945 کو 7ء46 ڈگری سیلسیس رہا تھا۔
یہاں کم سے کم درجہ حرارت 2ء27 ڈگری سیلسیس رہا جو معمول سے ایک ڈگری کم ہے۔
وہیں جے پور سے ملی اطلاعات کے مطابق راجستھان کے چورو میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 3ء50 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ اس موسم میں یہ تیسرا موقع ہے جب وہاں درجہ حرارت 50 کےپار پہنچا ہے۔اس موسم میں وہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت یکم جون کو 8ء50 ڈگری سیلیس درج کیا گیا تھا جو پوری ریاست میں اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔