نئی دہلی، 6 جون (یو این آئی) حکومت نے مسلح افواج کے لیے 76,000 کروڑ روپے سے زیادہ کے دفاعی سودوں کو منظوری دے دی ہے۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی صدارت میں پیر کو یہاں ہوئی دفاعی خرید کونسل کی میٹنگ میں اس خریداری سے متعلق تجاویز کو منظوری دی گئی۔ ملک کو دفاعی شعبے میں خود کفیل بنانے کے وزیر اعظم نریندر مودی کے مطالبے کے پیش نظر دفاعی خرید کونسل نے دیسی خریداری کے زمرے کے تحت ان سودوں سے
متعلق تجاویز کو منظوری دی۔ یہ خریداری ہندستان میں ہی تیار شدہ، ڈیزائن اور ڈیولپ زمرہ کے تحت کی جائے گی۔ اس سے ہندوستانی دفاعی صنعت مضبوط ہوگی اور بیرونی ممالک پر انحصار کم ہوگا۔
ان تجاویز کے تحت خاص قسم کے ٹرک، پل بچھانے والے ٹینک، ٹینک شکن گائیڈڈ میزائل کے ساتھ بکتر بند جنگی گاڑیاں اور ہتھیاروں کا پتہ لگانے والے ریڈارز کو فوج کے مشکل علاقوں میں کام کرنے کے لیے ضرورت کی بنیاد پر خریدا جائے گا۔