نئی دہلی، یکم دسمبر (ایجنسی) حکومت نے مسلح افواج کی تجدید کاری اور انہیں جدید ترین دفاعی ساز و سامان سے لیس کرنے کے سلسلے میں تین ہزار کروڑ روپے کے دفاعی مصنوعات کی خریداری کو منظوری دے دی ہے۔
وزیر دفاع نرملا سیتارمن کی صدارت میں ہفتہ کے روز یہاں منعقدہ دفاعی خریداری کونسل کی میٹنگ میں ان دفاعی سودوں کو منظوری دی گئی۔
دفاعی امور کی کابینہ کمیٹی نے گزشتہ اکتوبر میں بحریہ کے لئے چار پی-1135.6
جنگی جہازوں کی خریداری کو منظوری دی تھی۔ کونسل آج کی میٹنگ میں روسی ساخت کے ان جنگی جہازوں کے لئے دو مقامی ساخت کے براہموس میزائل کی خرید کو منظوری دی گئی۔ ملک میں ہی بنائے جانے والے براہموس میزائل پوری طرح سے سپرسونک کروز میزائل ہیں اور یہ ان جنگی جہازوں پر نصب ہونے والا اہم اسلحہ سسٹم ہوگا۔
دفاعی خریداری کونسل نے فوج کے ارجن ٹینک کے لئے بکتر بند ریکوری گاڑیوں کی خریداری کو بھی منظوری دی ہے۔ دفاعی تحقیقات و ترقیاتی تنظیم (ڈی آر ڈی او) نے ان گاڑیوں کا ڈیزائن تیار کیا ہے۔ دفاعی شعبے کی پبلک سیکٹر کمپنی بھارت ارتھ موورس لمیٹیڈ (بی ای ایم ایل) ان گاڑیوں کو تیار کرے گی۔