نئی دہلی، 9دسمبر (یو این آئی) سرکار کے ساتھ کسان لیڈروں کی بات چیت کے بعد تحریک ملتوی کرنے کے اعلان پر کانگریس نے اسے کسانوں کی جیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ثابت ہوگیا کہ’’جمہوریت کی اصل طاقت عوام ہے‘‘کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے جمعرات کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں کسانوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ دہلی کی سرحدوں پر 378 دنوں سے مسلسل جدجہد کرنے والے ملک کے ان داتاؤں کو بالاآخر جیت ملی انہوں نے اسے حکومت کی شکست قرار دیا لیکن کہا کہ سرمایہ داروں کی پوجا کرنے والی حکومت کے خلاف غریبوں، مزدوروں اور کسانوں کی جدوجہد نئے طریقوں سے جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ مودی
حکومت کی شکست عام لوگوں کی جیت ہے لیکن یہ لڑائی ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔ کسانوں کو پیداوار کے لیے نہ صرف 'کم سے کم امدادی قیمت ہی نہیں، بلکہ فائدہ مند قیمت بھی ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اب 2022 شروع ہونے والا ہے لیکن ابھی تک کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کا وعدہ پورا نہیں ہوا ہے، کسان کی آمدنی صرف 27 روپے یومیہ ہے جو منریگا کی اجرت سے بہت کم ہے۔
کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ دفتر قومی شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک میں ہر کسان کا اوسط قرض 72,000 روپے ہے۔ مودی حکومت کہتی ہے کہ اس کے پاس کسانوں کے قرض معافی کے لیے پیسے نہیں ہیں تو انہوں نے سات برسوں میں سرمایہ دار دوستوں کے 10 لاکھ کروڑ روپے کیسے معاف کردیئے؟