دھننجئے منڈے زنا بالجبر معاملہ میں نیا موڑ؛ شکایت کنندہ خاتون نے واپس لی شکایت
ممبئی 22 جنوری (یو این آئی)مھاراشٹرا کے وزیر دھننجئے منڈے زنا بالجبر معاملے نے اس وقت ایک نیا موڑ اختیار کیا جب آج شکایت کنندہ خاتون نے اپنی شکایت واپس لے لی۔ دریں اثنا ، اس واقعہ کے حیرت انگیز رخ لینے کے بعد اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، راشٹر وادی کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار نے کہا سچائی کا انتظار کرنے کا پارٹی کا فیصلہ صحیح ثابت ہوا ہے۔ تاہم اسی کے ساتھ یہ دلچسپ حقیقت بھی سامنے آئی ہے کہ اب تک شکایت کنندہ خاتون کی حمایت میں دھننجئے منڈے سے استعفے کا مطالبہ کرنے والی بی جے پی نے یو ٹرن لیتے ہوئے اب اسی خاتون کے خلاف
تعزرات ہند کی دفعہ 192 کے تحت مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ممبئی کی ایک خاتون جس نے وزیر دھننجئے منڈے کے خلاف عصمت دری کے الزامات عائد کیے تھے ، نے آج جمعہ کے روز اپنی پولیس شکایت واپس لے لی۔ پولیس حکام کے مطابق ، خاتون نے اس کی کوئی وجہ بتائے بغیر اپنی شکایت واپس لی ہے۔ اس نے تفتیشی افسر کو بتایا کہ وہ اپنی شکایت واپس لینا چاہتی ہے۔
اس خاتون نے گیارہ جنوری کو سماجی انصاف کے وزیر کے خلاف درج کرائی گئی شکایت میں 2006 میں شادی کے بہانے زیادتی اور جنسی زیادتی کا الزام لگایا تھا۔جس پر پولیس نےتحقیقات شروع کردی تھیں ۔ پولیس نے شکایت کنندہ کو عصمت دری کے الزامات واپس لینے کے بعد ایک حلف نامہ داخل کرنے کو کہا ہے۔