نئی دہلی، 16 نومبر (یو این آئی)مرکزی حکومت نے کورونا معاملوں میں آرہی کمی کے پیش نظر گرو نانک دیو جی کے 552 ویں پرکاش اتسو کے پہلے پاکستان واقع گرودوارا کرتار پور صاحب جانے کے لیے بنائی گئی راہداری کو کل یعنی بدھ سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کورونا وبا کے سبب یہ راہداری 16 مارچ 2020 کو بند کردیا گیا تھا۔ کرتاپور صاحب راہداری سے تیرتھ یاترا کی سہولت موجودہ حالات اور کوویڈ پروٹوکول کے مطابق دی جائے گی۔
راہداری کو کھولنے کے حکومت کے فیصلے کی اطلاع خود مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کے روز ٹوئٹ کرکے دی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے سکھ
یاتریوں کے جذبات کو پیش نظر رکھتے ہوئے 17 نومبر سے کرتار پور کوریڈور کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ مودی حکومت گرو نانک دیو جی کے تئیں بے پناہ عقیدت اور سکھ برادری سے بے پناہ محبت رکھتی ہے۔اس فیصلے سے بڑی تعداد میں سکھ یاتریوں کو فائدہ ہوگا۔
گرو پرب کے موقع پر سکھ برادریوں کی جانب سے کرتار پور کوریڈور کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی پنجاب یونٹ کے رہنماو¿ں کے ایک وفد نے اتوار کو یہاں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرکے کرتار پور کوریڈور کھولنے کا مطالبہ کیاتھا۔