کابل/23اپریل(ایجنسی) افغان دارالحکومت کابل میں اتوار کے دن ہوئے ایک خود کش بم حملے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 57 ہو گئی ہے۔ ایک ووٹر رجسٹریشن سینٹر پر کیے گئے اس حملے کی ذمہ داری اسلامک اسٹیٹ نے قبول کر لی ہے۔ طبی حکام نے بتایا ہے کہ اس خونریز کارروائی میں 199 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ حملہ آور نے عام شہریوں کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اپنے قومی شناختی کارڈ وصول کرنے کے لیے رجسٹریشن
سینٹر کے باہر موجود تھے۔ ہلاک شدگان میں پانچ بچے اور بیس خواتین بھی شامل ہیں۔ افغانستان میں اس سال اکتوبر میں پارلیمانی انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کے لیے تیاریاں شروع کی جا چکی ہیں۔
یہ دھماکہ مغربی کابل کے دشت بارچي علاقے میں واقع ایک انتخابی رجسٹریشن مرکز کے باہر ہوا ہے۔ اس علاقے میں اقلیتی شیعہ ہزارہ برادری کے لوگوں کی اکثریت ہے۔ گزشتہ ہفتے دوسرے ووٹر رجسٹریشن مراکز پر بھی اسی طرح کے حملے ہوئے تھے۔