نئی دہلی، 10 جولائی (ایجنسی) بچوں کے خلاف بڑھتے جنسی جرائم پر سخت رویہ اپناتے ہوئے مرکزی کابینہ نے بدھ کو ایسے جنسی مجرموں کو موت کی سزا دینے کا التزام کرنے کے لئے ’’ جنسی جرائم سے بچوں کا تحفظ‘‘ ّ(پاکسو) ایکٹ 2012 میں ترمیم کے لئے منظوری دے دی۔
وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں یہاں ہوئی مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میں ایک تجویز کو منظوری دی گئی۔ میٹنگ کے بعد اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے اخباری کانفرنس میں بتایا کہ 14 سال تک کے
بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی جیسے وحشیانہ جرائم کے قصورواروں کو موت کی سزا دینے کے لئے پاکسو ایکٹ میں ترمیم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ اس ایکٹ میں بچوں کی فحش تصویر کشی (چائلڈ پورنوگرافی) پر بھی زبردست جرمانہ اور سزا کا التزام ہوگا۔
مسٹر جادڈیکر نے کہا کہ قدرتی آفات کے وقت بچوں کے خصوصی حقوق کا تحفظ کرنے اور ان کا استحصال روکنے کے لئے توضیعات بھی ایکٹ میں شامل کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ بچوں کو نشہ آور دوائیں دینے کو ممنوع کرنے کے لئے اس ایکٹ میں ترمیم کی جائے گی۔