نئی دہلی، 16 دسمبر (یواین آئی) کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ حکومت اپنی کوتاہیوں کو چھپانے کے لئے بار بار اس پاکستان کا نام لے کر لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتی ہے جو پہلے ہی ایک ’مرا شیر‘جیسا ہے مسٹر آزاد نے پیر کو یہاں اپوزیشن پارٹیوں کے رہنماؤں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں سوالات کے جواب میں کہا کہ حکومت کے پاس معیشت، بےروزگاری اور بڑھتے جرائم جیسے مسائل پر سوال پوچھے جاتے ہیں تو توجہ ہٹانے کے لئے پاکستان کا نام لے کر لوگوں کو گمراہ کرنا شروع کیا جاتا ہے۔راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما نے کہا کہ ’’پاکستان ایک’
مرا شیر ‘ہے۔ اس سے کوئی ڈرتا نہیں ہے۔ مردہ شیر سے کتا بلی تو ڈر سکتا ہے لیکن انسان نہیں ڈر سکتا۔ یہ حکومت ملک کے عوام کو پاکستان کے نام پر ڈرا رہی ہے، وہ ایسا شیر ہے جس کو بھوسہ بھر کر کھڑا کیا گیا ہے۔ وہاں کچھ نہیں ہے۔لوگوں کو کھانے کے لالے پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا، پاکستان کے نام پر ہمیں ڈرایا نہیں جا سکتا کیونکہ اس سے ہم ڈرتے نہیں ہیں‘‘۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نام لے کر صرف الجھن پیدا کیا جاتا ہے۔ حکومت پاکستان کا ڈر دکھاتی ہے لیکن ملک کا عوام سمجھ ر ہے ہیں کہ وہ اپنی ناكامیوں کو چھپانے کے لئے پاکستان کا نام لیتی ہے۔ یہ صرف توجہ بھٹکانے کی کوشش ہے۔