کلکتہ 7؍ اپریل (یواین آئی) مغربی بنگال کے وزیر اعلی اور ترنمول کانگریس کی صدر ممتا بنرجی نے آج الزام لگایا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی ہدایت پر سی آر پی ایف کے اہلکار ریاست میں ووٹروں کو ہراساں کررہے ہیں۔
ممتا بنرجی نے کوچ بہار میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی فورسیس کے اہلکار خواتین کے ساتھ بدتمیزی کررہے ہیں ۔ممتابنرجی نے کہاکہ ووٹروں کو پریشان کیا جارہا ہے اور انہیں ووٹ ڈالنے سے روکنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے ۔ممتا
بنرجی نے کہا کہ یہ سب امیت شاہ کی ہدایت پر ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب تک سیاسی تشدد میں 10افراد کی موت ہوگئی ہے ۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ اس وقت ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی صورت حال الیکشن کمیشن کے ہاتھوں میں ہے ۔الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ پولنگ کے عمل کے دوران کسی کی بھی موت نہ ہو۔ممتا بنرجی نے کہا کہ میں الیکشن کمیشن سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ سی آر پی ایف کے نوجوانوں کی نگرانی کریں ۔خواتین کو ہراساں نہیں کیا جانا چاہیے۔