نئی دہلی، 13 جولائی (یو این آئی) کورونا وبا سے نمٹنے کی کوششوں کو تیز کرتے ہوئے مرکزی حکومت نے ملک کے تمام بالغ شہریوں کو کووڈ ویکسین کی 'بوسٹر خوراک' مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کو یہاں ہوئی مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میں تجویز کو منظوری دی گئی۔
میٹنگ کے بعد اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں آزادی کا 75واں سال منایا جا رہا
ہے۔ اس موقع پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 15 جولائی سے ملک میں 18 سال سے زیادہ عمر کے تمام شہریوں کو کووڈ ویکسین کی بوسٹر ڈوز مفت دی جائے گی۔ یہ مہم 15 جولائی سے اگلے 75 دنوں تک چلے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس سے ملک میں 18 سے 60 سال کی عمر کے 80 کروڑ سے زائد آبادی کو فائدہ ہوگا۔ غور طلب ہے کہ کووڈ کی بوسٹر ویکسین پہلے ہی کورونا جنگجوؤں اور بزرگ شہریوں کو مفت دی جارہی ہے۔ اہل استفادہ کنندگان کو پچھلی ویکسینیشن کے بعد چھ ماہ کے وقفے سے کووڈ کی بوسٹر ویکسین دی جا سکتی ہے۔