جے پور ، 03 دسمبر (یو این آئی ) راجستھان اسمبلی کے عام انتخابات - 2023 کے ووٹوں کی گنتی اتوار کی صبح 8 بجے سخت
حفاظتی انتظامات کے درمیان شروع ہوئی۔ اسمبلی حلقوں کے لیے ووٹوں کی گنتی 33 ضلع ہیڈ کوارٹرس کے 36 مراکز پر سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان 199 شروع ہوئی۔ سب سے پہلے امید واروں اور مبصرین کے سامنے اسٹرانگ روم کھولا گیا اور پوسٹل بیلٹ کی گنتی شروع کر دی گئی۔ ووٹوں کی گنتی شروع ہونے سے قبل صبح 5
بجے گنتی کارکنوں کو گنتی کی میزیں الاٹ کر دی گئیں۔ پوسٹل بیلٹ کے ذریعے چار لاکھ 66 ہزار 881 ووٹ ڈالے گئے، جن میں سے صبح 8 بجے تک موصول ہونے والے بیلٹ پیپرز کی گنتی شروع ہوئی۔ اس کے بعد الیکٹرانک ووٹنگ مشین ( ای وی ایم) کے بیلٹ پیپرز کی گنتی 8.30 بجے شروع ہو گی۔ اس الیکشن میں ای وی ایم کے ذریعے 3 کروڑ 92 لاکھ 11 ہزار 399 ووٹ ڈالے گئے۔ ان میں 2 کروڑ 3 لاکھ 83 ہزار 757 مرد ووٹرز جبکہ 1 کروڑ 88 لاکھ 27 ہزار 294 خواتین ووٹرز کے ووٹ شامل ہیں۔