نئی دہلی، 29 ستمبر(یو این آئی) انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر بلرام بھارگو نے آج بتایا کہ ملک کے دیہی علاقوں کے مقابلے شہری علاقوں کی جھگی بستیوں اور دیگر علاقوں میں رہنے والے افراد بڑی تعداد میں کورونا وائرس ’کووِڈ۔19‘ سے متاثر ہوئے۔
ڈاکٹر بھارگو نے صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کی مرکزی وزارت کی بہ ضابطہ پریس بریفنگ میں منگل کے روز دوسرے قومی سیرولوجیکل سروے رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کے دیہی علاقوں میں 4.4 فیصد افراد کورونا وائرس کی زد میں آئے جبکہ شہر کے جھگی علاقوں کی 15.6 فیصد آبادی اور دیگر
شہری علاقوں میں 8.2 فیصد آبادی کورونا وائرس سے متاثر ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ سیرولوجیکل سروے میں عام آبادی کے خون کا نمونہ لیا جاتا ہے اور ان میں آئی جی جی اینٹی باڈی کا ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔ اگر کسی شخص میں اینٹی باڈی پائی جاتی ہے تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ وہ پہلے کووِڈ۔19 وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جس کے بعد ان کے جسم میں اینٹی باڈی تیار ہوئی ہے۔ یہ سروے یہ معلوم کرنے کی غرض سے کیا جاتا ہے کہ ملک کی عام آبادی میں کورونا وائرس کس حد تک پھیلا ہے۔ اس وائرس سے کس عمر اور جنس کے افراد کو زیادہ خطرہ ہے اور کن علاقوں میں کنٹینمینٹ کو سختی سے نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔