بیجنگ / جنیوا / نئی دہلی، 20 مئی (یواین آئی) عالمی وباکورونا وائرس (كووڈ 19) کے کیسزدنیا بھر میں دن بہ دن بڑھتے جارہے ہیں اور پوری دنیا میں اس جان لیوا وائرس کے قہر سے اب تک 3.23 لاکھ سے زائد لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور تقریبا 49 لاکھ لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق متاثرین کی مجموعی تعداد 4،897،567 ہو گئی ہے جبکہ کل 323،286 افراد کی اس بیماری سے موت ہو چکی ہے۔ ہندوستان میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہاہے اور اب یہ ایک لاکھ سے زیادہ کیسز والے ممالک میں شامل ہو گیا ہے.
مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے بدھ کو جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس کے انفیکشن سے اب تک 106750 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 3303 لوگوں کی موت ہوئی ہے جبکہ 42298 لوگ اس بیماری سے نجات پا چکے ہیں۔
امریکہ میں کورونا وائرس سے دنیا میں سب سے زیادہ 15 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں اور اس انفیکشن سے مرنے والوں کی تعداد 90 ہزار کے اعداد و شمار کو پار کر چکی ہے. دنیا کی سپر پاور مانے جانے والے امریکہ میں متاثرین کی مجموعی تعدادمسلسل بڑھتے ہوئے 15،28،568 جبکہ 91،921 افراد کی موت ہو چکی ہے۔