نئی دہلی، 21اپریل (یو این آئی) کانگریس نے کہاکہ ہندستان دنیا میں ویکسین اور آکسیجن کی تیاری کرنے والا اہم ملک ہے لیکن مودی حکومت کی بدانتظامی کی وجہ سے ملک کے عوام کو کورونا ویکسین اور آکسیجن کی کمی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
کانگریس کے ترجمان اجے ماکن نے بدھ کو یہاں پریس کانفرنس میں کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کو کورونا انفکیشن کی صورتحال پر ملک سے خطاب کیا تھا لیکن کوئی ٹھوس راستہ بتانے کے بجائے صرف چکنی چوپڑی باتیں
کرکے عوام کو ورغلانے کی کوشش کرتے رہے اور وبا پر اپنی ذمہ داری سے پلا جھاڑتے نظر آئے۔
انہوں نے کہاکہ مسٹر مودی کی 18منٹ کی تقریر میں مایوسی تھی اور کہیں بھی عوام کے لئے رحم دلی نہیں تھی۔ ایسا لگتا ہے کہ انکی حکومت کے لئے لوگوں کی جان سے زیادہ ضروری فائدہ کمانا او ر خاص لوگوں کو فائدہ پہنچانا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اپنے چند وزرا کے فائدے کے لئے مودی حکومت کچھ بھی کرنے کے لئے تیار رہتی ہے لیکن عام لوگوں کے مفادات پر وہ آنکھ موند لیتی ہے۔