نئی دہلی،13 مئی(یواین آئی)کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ حکومت نے کورونا ٹیسٹ کٹ بنانے کا کام صرف ایک کمپنی کو دیا ہے اور کورونا جانچ کی ہدایات میں لچیلا رخ اختیار کرتے ہوئے پورا ٹیسٹ کئے بغیر لوگوں کو اسپتال سے گھر بھیجنے کا فیصلہ کیس بنیاد پرکیا ہے،اس بارے میں اسے وضاحت دینی چاہئے۔
کانگریس ترجمان اور خاتون کانگریس کی صدر سشمیتا دیو نے بدھ کو پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت نے کورونا ٹیسٹنگ کٹ بنانے کا کام احمدآباد کی ایک کمپنی کو دیا ہے جبکہ اس وقت ملک کی کئی کمپنیوں کو یہ کام ملنا چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ بحران کے وقت ایک ہی کمپنی کو یہ کام دینا شبہ پیدا کرتا ہے اس لئے حکومت کو بتانا چاہئے کہ کورونا ٹیسٹ کرنے
کےلئے کٹ بنانے کا کام صرف احمدآباد کی کمپنی کو ہی دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہملک میں بہت ساری کمپنیاں ان کٹوں کو بنانے کی خواہش مند ہیں لیکن حکومت نے بغیر ٹینڈر منگائے کٹ بنانے کا کام صرف ایک ہی کمپنی کو سونپا ہے جو شبہ پیدا کرتا ہے۔
ترجمان نے کہاکہ اسی طرح سے حکومت نے کورونا ٹیسٹ کے پہلے کے پیمانے کو بدل کر معمولی ٹیسٹ کے بعد لوگوں کو اسپتال سےگھر بھیجنے کافیصلہ کیا ہے جس سے مریضوں کی تعداد بڑھے گی اور آنے والے وقت میں ہندوستان کورونا کا اہم مرکز بن جائےگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ابھی یہ نہیں بتایا کہ ہندوستان کورونا کی کس سطح پر ہے۔حکومت کو بتانا چاہئے کہ ملک کمیونٹی انفیکشن کی سطح پر ہےیا ابھی اس سطح پر نہیں پہنچا ہے۔