نئی دہلی، 11 فروری (یو این آئی) راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑنے منگل کو حکومت کو ہدایت دی کہ 22 تصاویر پر مشتمل آئین ہی اصل آئین ہے اور جن کاپیوں میں یہ تصاویر نہیں ہیں ان کی فروخت یا تشہیر نہ کی جائے۔
ایوان میں وقفہ صفر کے دوران بی جے پی کے رادھا موہن اگر وال کی طرف سے یہ معاملہ اٹھائے جانے کے بعد کانگریس ارکان کے ہنگامے کے درمیان مسٹر دھنکھڑ نے کہا کہ پارلیمنٹ کی ترمیم کے بغیر آئین میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاسکتی اور ایسی
تبدیلیاں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تصاویر ہماری پانچ ہزار سالہ شاندار ثقافت کی علامت ہیں۔ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈ کر سمیت تمام آئین سازوں نے آئین پر دستخط کر کے ان تصاویر کو منظوری دی تھی اور اس کے بغیر آئین کی اشاعت یا نشر کرنا ایک سنگین معاملہ ہے۔ حکومت کو اس پر فوری کارروائی کرنی چاہئے اور ان تصاویر کے بغیر بازار میں آئین کی کاپیوں کی فروخت پر پابندی لگائی جانی چاہیے اور آن لائن بھی یہ یقینی بنایا جانا چاہیے۔