نئی دہلی، 11 اپریل (یو این آئی) ملک کے نامور زرعی ماہر اور ہندوستان کرشک سماج کے صدر ڈاکٹر کرشن ویر چودھری نے الزام لگایا ہے کہ وزارت زراعت کی نوکر شاہی ملک میں بننے والی موثر اور سستی کیڑے مار ادویات کی پیداوار کو روکنے کے لیے غیر ملکی کیڑے مار ادویات کی درآمد کے دروازے کھولنے کی سازش ہو رہی ہے۔
ڈاکٹر کرشن ویر چودھری نے ملک کے زراعت اور کسانوں کی بہبود کے وزیر نریندر سنگھ تومر کو ایک خط لکھا ہے، جس میں آندھرا پردیش اور
تلنگانہ میں مرچ کی فصل کی حالیہ تباہی کا حوالہ دیتے ہوئے خبردار کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ناک کے نیچے نوکر شاہی کی اتنی ہمت ہے کہ پیسٹی سائیڈ مینجمنٹ بل 2020 میں ایسی شق لانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ ملک میں تیار کی جانے والی موثر کیڑے مار ادویات کی پیداوار روک دی جائے، جن کی برآمدات تیزی سے بڑھ رہی ہیں اور غیر ملکی کیڑے مار ادویات کی درآمد دوبارہ شروع ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بدل گئی لیکن کرپٹ نظام اب بھی موجود ہے۔