نئی دہلی،28اگست(یواین آئی) کانگریس نے رافیل سودے کے سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی پربرای راست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے اور صنعت کار انل امبانی کے درمیان کی 'ڈیل' ہے اور ووزیر اعظم نے اس سودے میں اصولوں کو بالائےطاق پر رکھ کر صنعت کار کو فائدہ پہنچایا ہے۔
کانگریس ترجمان جئے پال نے یہاں پارٹی صدر دفتر میں منعقد خصوصی پریس کانفرنس میں کہا کہ اس سودے میں دفاعی اصولوں کی پابندی نہیں کی گئی ہے اور وزیر دفع اور خارجہ سکریٹری کو اس سودے کے لئے اعتماد میں نہیں لیا گیاجبکہ امبانی کے پاس اس بارے میں ساری اطلاعات تھیں۔
انہوں نے کہا کہ' میں اس معاملے کو مودی اور امبانی کے درمیان کی گئی
سیدھی' ڈیل' اس لئے کہہ رہا ہوں کہ خارجہ سکریٹری نے اس ضمن میں بیان دیا تھا کہ اس سودے کا وزیر اعظم اور فرانس کے صدر سے کوئی تعلق نہیں ہے۔دوسری بات جب یہ سودا کیا گیا تو اس وقت وزیر دفع وہاں موجود نہیں تھے۔تیسری بات ،اس سودے کے معاہدے پر دستخط ہونے سے محض 12دن قبل انل امبانی نے اپنی اس کمپنی کا رجسٹریشن کرایا جس کو ان طیاروں کا ٹھیکہ دیا گیا ہے۔ٹھیکہ ایسی کمپنی کو دیا گیا جس کو دفاعی میدان میں کوئی تجربہ نہیں ہے'۔
کانگریس ترجمان نے کہا کہ اس وقت کے وزیر دفاع منوہر پاریکر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہندوستان کے وزیر اعظم اور فرانس کے درمیان دفاعی سودا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلاموقع ہے جب اس طرح کے سودوں کے لئے وزیر دفاع وزیر اعظم کی پیٹھ تھپتھپا رہے ہیں جبکہ روایت کے مطابق وزیر اعظم دفاعی سودوں سے متعلق معاہدوں پر دستخط کر نے کے لئے اپنے وزیر دفع کی پیٹھ تھپتھپاتے ہیں۔