نئی دہلی ،7فروری (ایجنسی)وزیراعظم نریندرمودی نے آئینی اداروں پر حملہ کرنے کے کانگریس کے الزام پر جوابی حملہ کرتے ہوئے جمعرات کو کہاکہ اس نے ایمرجنسی لگانے ،منتخب حکومتوں کو ہٹانے ،انتخابی کمیشن پر سوال اٹھانے اور فوج پر جھوٹے الزام لگانے کا جرم کرکے ملک کے اداروں کو برباد کیاہے ۔
مسٹر مودی نے جمعرات کو لوک سبھا میں صدرجمہوریہ کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر ہوئی بحث کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ کانگریس اکثر انکی حکومت پر اداروں کو برباد کرنے کا الزام لگاتی ہے ،لیکن وہ بھول جاتی ہے کہ ملک میں ایمرجنسی
لگانے ،فوج پر تختہ پلٹنے کی کوشش کا الزام لگانے ،فوجی سربراہ کے لیے نازیبا الفاظ کا استعمال کرنے ،انتخابی کمیشن اور نیتی آیوگ پر سوال اٹھانے اور منتخب حکومتوں کو ہٹانے کے لیے دفعہ 356کا بار بار استعمال کرنے کا گناہ کرکے آئینی اداروں کو تباہ کرنے کا کام کیاہے۔
انھوں نے کہاکہ کانگریس نے کبھی منتخب حکومتوں کا احترام نہیں کیا اور اسکی قیادت والی سابقہ مرکزی حکومتوں نے 100بار دفعہ 356کا استعمال کرکے منتخب حکومتوں کو ہٹانے کا کام کیاہے ۔انھوں نے کہاکہ کانگریس کے ایک سابق وزیراعظم نے یوجنا آیوگ کو جوکروں کا گروہ کہاتھا۔