نئی دہلی، 17 نومبر (یو این آئي) کانگریس کے جنرل سکریٹری اور پارٹی کی میڈیا سیل کے انچارج رندیپ سنگھ سورجے والا نے وزیر داخلہ امیت شاہ پر شرارتی بیان پوسٹ کرکے گمراہی پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے واضح کیا کہ کانگریس پارٹی کا کشمیری پارٹیوں کے اس گروپ سے کوئی تعلق نہیں ہے مسٹر سورجے والا نے منگل کے روز یہاں ایک بیان میں کہا کہ "کانگریس پارٹی 'گپکار الائنس' یا 'پیپلز الائنس فار گپکار ڈکلیریشن' (پی اے جی ڈی) کا حصہ نہیں ہے"۔
انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی، سردار بینت سنگھ، نند کمار پٹیل، ودیاچرن شکلا، مہیندر کرماو اور سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی سمیت ہزاروں کانگریسی لوگوں نے ملک کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ کانگریس نے
جموں وکشمیر سمیت ملک کے اندرونی معاملات میں غیر ملکی مداخلت کو کبھی قبول نہیں کیا اور نہ قبول کرے گی۔
واضح رہے کہ مسٹر سورجے والا کا بیان مسٹر امیت شاہ کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں وزیر داخلہ نے کانگریس پر یہ کہتے ہوئے تنقید کی تھی کہ "گپکار گینگ عالمی سطح پر پھیل رہا ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ جموں و کشمیر میں غیر ملکی مداخلت کرے۔ گپکار گینگ نے ہندوستانی ترنگا کی بھی توہین کی ہے۔کیا سونیا جی اور راہل گاندھی گپتا کار گینگ کی اس طرح کی حرکتوں کی حمایت کرتے ہیں۔ انہیں ہندوستان کے عوام کے سامنے اپنا موقف واضح کرنا چاہئے۔ کانگریس اور گپکار گینگ جموں و کشمیر کو دہشت گردی اور بدامنی کے دور میں واپس لے جانا چاہتے ہیں"۔