نئی دہلی، 25اپریل (یو این آئی) وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے پورے ملک میں ایک مہینہ سے بھی زیادہ سے نافذ مکمل لاک ڈاون کی رہنما ہدایات میں جمعہ کی رات کی گئیں ترامیم کے مطابق غیرہاٹ اسپاٹ والے علاقوں میں کچھ شرائط کے ساتھ دکانیں کھولنے کی چھوٹ دے دی گئی ہے لیکن دیہی علاقوں میں چھوٹ مال کو چھوڑ کر تمام دکانوں پر نافذ ہوگی جبکہ شہروں میں یہ صرف اکیلی دکانوں، آس پاس کی دکانوں اور رہائشی علاقوں میں واقع دکانوں پر
ہی نافذ ہوگی۔ بازار اور بازار کمپلکس اور مال میں واقع دکانوں پر یہ چھوٹ نافذ نہیں ہوگی۔
آرڈر میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ای کامرس کمپنیوں کو بھی صرف ضروری اشیا کی سپلائی کی چھوٹ رہے گی اور وہ غیر ضروری اشیا کی سپلائی ابھی نہیں کرسکیں گی۔
اس کے ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا گیا ہے شراب اور دیگر اشیا کی فروخت پر ہلے سے نافذ پابندی ابھی جاری رہے گی۔ یہ بھی کہا گیا کہ شہر ہو یا دیہی علاقہ دونوں کے ہی ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں یہ چھوٹ نافذ نہیں ہوگی۔