تل ابیب، 09 نومبر (یواین آئی)ایمسٹرڈیم میں گزشتہ رات ہونے والے فسادات کی بین الاقوامی مذمت کی گئی ہے۔ مرکابی تل ابیب فٹ بال ٹیم کے متعدد اسرائیلی شائقین پر حملے کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اس کی مذمت کی اور اسے یہود مخالف حملہ قرار دے دیا۔ اپنے ڈچ ہم منصب ڈک شوف کے ساتھ ایک کال میں نیتن یاہو نے کہا کہ ایسے حملے اسرائیل اور نیدر لینڈز (ہالینڈ) کے
لیے یکساں خطرہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اسرائیلی شہریوں پر کیے گئے اس حملے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے نیدر لینڈز میں پوری یہودی برادری کے لیے سیکورٹی بڑھانے کا مطالبہ بھی کیا۔ ڈچ وزیر اعظم نے " ایکس " پر کہا ہے کہ انہوں نے ایمسٹر ڈیم سے خوفناک کوریج کو دیکھا ہے۔ جو کچھ ہوا وہ خطر ناک تھا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ یہود مخالف حملے نا قابل قبول ہیں۔