نئی دہلی، 15 ستمبر (یو این آئی) ہندوستان نے چین کو آج پارلیمنٹ سے سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مشرقی لداخ کے سرحدی علاقوں کی حیثیت کو یکطرفہ تبدیل کرنے کی اس کی کوشش کسی بھی طور منظور نہیں ہے۔ ہندوستان اس معاملے کا حل پارلیمنٹ سے کرنا چاہتا ہے لیکن اپنی خود مختاری، علاقائی اتحاد و سالمیت کی دفاع کی خاطر تمام صورتحال کے لیے تیار بھی ہے۔
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے مشرقی لداخ میں لائن آف ایکچول کنٹرول (ایل اے سی) پر چینی فوج کے ساتھ ڈیڈ لاک پر لوک
سبھا میں بیان دیتے ہوئے چین اورعالمی برادری سے دو ٹوک کہا کہ چین نے ایل اے سی پر اپریل سے یکطرفہ تبدیلی کے ارادے سے فوج میں اضافہ شروع کر دیا اور پھر ہندوستانی فوج کی بہ ضابطہ گشت میں خلل ڈالا۔ بعد ازاں حل کے لیے جب فوجی کمانڈر کی سطح کی بات چیت پر اتفاق رائے ہوا تو اس کی خلاف ورزی کرکے چینی فوج نے ہندوستانی فوجیوں پر پرتشدد حملے کیے۔ ہمارے بہادر سپاہیوں نے اپنی جان کی قربانی دی۔ وہ چینی فریق کو شدید نقصان پہنچانے کے ساتھ ہی اپنی سرحد کی حفاظت میں کامیاب رہے۔