واشنگٹن/5فروری(ایجنسی) امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا کے ریاستی دارالحکومت کولمبیا کے قریب اتوار کے روز دو ٹرینوں کے باہمی تصادم کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور 70 زخمی ہوگئے۔ مسافر بردار ٹرین پر 147 افراد سوار تھے جب کہ دوسری مال گاڑی تھی۔
پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ مسافر ٹرین غالباً غلط ٹریک پر جا رہی تھی جہاں یہ وہاں کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ ہولناک حادثہ تھا۔ تاہم امدادی کارکن ریکارڈ وقت میں وہاں پہنچ گئے جہاں اُنہوں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
مسافر ٹرین کے زخمی مسافروں کو ہسپتال
ہینچایا گیا جہاں بیشتر کو طبی امداد دے کر فارغ کر دیا گیا۔ حادثے میں محفوظ رہنے والے مسافروں کو قریبی شیلٹر میں پہنچایا گیا جہاں گرم مشروبات اور لوازمات سے اُن کی تواضح کی گئی۔
یہ امریکا میں گزشتہ تین ماہ کے دوران ٹرین کا تیسرا حادثہ ہے۔
ایمٹریک ٹرین میں 91 مسافر اور عملے کے 8 ارکان سوار تھے۔ ایمٹریک کمپنی کے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ ٹرین نیو یارک سے میامی جا رہی تھی جب یہ علی الصبح 2:35 کے لگ بھگ ایک مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے باعث گاڑی کا انجن اور کچھ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جس سے ٹرین میں سوار نصف مسافر زخمی ہو گئے۔