بنگلور/22ڈسمبر(ایجنسی) کرناٹک کی کابینہ میں آخرکار آج توسیع عمل میں آئی۔ بنگلورو کے راج بھون میں منعقدہ حلف برداری تقریب میں کانگریس کے 8ارکان اسمبلی نے کابینہ وزیر کی حیثیت سے حلف لیا۔ ریاست کے گورنر واجو بھائی والا نے نئے وزرائ کو عہدے اور رازداری کا حلف دلوایا۔ اس موقع پر وزیراعلی ایچ ڈی کماراسوامی اور نائب وزیراعلی جی پرمیشور موجود تھے۔ ریاستی کابینہ میں شامل 8نئے چہروں میں ایک مسلم نمائندے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ بیدر کے رکن اسمبلی
رحیم خان نے کابینی وزیر کی حیثیت سے حلف لیا۔
کانگریس کے سینئر لیڈر ایم بی پاٹل، ستیش جارکی ہولی، آر بی تما پور، سی ایس شیولّی، پی ٹی پرمیشور نائک، ای تُکارام، ایم ٹی بی ناگراج نے کابینہ وزیر کی حیثیت سے حلف اُٹھایا۔ رحیم خان نے اللہ کے نام پرانگریزی زبان میں حلف لیا۔ کرناٹک میں کانگریس اور جے ڈی ایس مخلوط حکومت کی کابینہ کی یہ پہلی توسیع ہے۔