نئی دہلی، 10 فروری (یو این آئی) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ دفاعی زمین کی واضح حد بندی متعلقہ علاقوں کی سلامتی اور ترقی کے لیے اہم ہے۔
مسٹر سنگھ نے جمعرات کو یہاں ایک تقریب میں محکمہ دفاع کی 17.78 لاکھ ایکڑ اراضی کا سروے کرنے والے ڈیفنس اسٹیٹ آفس کے ملازمین کو ایوارڈ پیش کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے 38 ڈیفنس اسٹیٹ آفس اور چار اسسٹنٹ ڈیفنس اسٹیٹ آفس کے 11 افسران اور 24 اہلکاروں کو ایوارڈ سے نوازا۔
وزیر دفاع نے ڈیفنس اسٹیٹس کے اہلکاروں کی ستائش کی اور کہا کہ انہوں نے غیر آبادی والے اور دور دراز علاقوں میں موسم کی خراب صورتحال اور کورونا وبا کے خطرے کے باوجود یہ
کام انجام دیا۔
سروے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے مسٹر سنگھ نے یقین ظاہر کیا کہ دفاعی زمین کی واضح حد بندی ان علاقوں کی سلامتی اور ترقی کے لیے اہم ثابت ہوگی۔
جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کیے گئے سروے سے زمین کی درست پیمائش اور قابل اعتماد دستاویزات کی تیاری ممکن ہوئی۔ اس طرح زمینی تنازعات کے حل میں توانائی، پیسہ اور وقت کی بچت ہوگی۔
وزیر دفاع نے اس طرح کے سروے میں پہلی بار ڈرون امیجری، سیٹلائٹ امیجری اور 3-D ماڈلنگ تکنیک استعمال کرنے پر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ڈیفنس اسٹیٹس کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ان تکنیکوں سے حاصل ہونے والے نتائج زیادہ درست اور قابل اعتماد ہیں۔