نئی دہلی/ 23 اپریل(ایجنسی) کانگریس نے کہا ہے کہ"چوکیدار چور ہے" ایک سیاسی مہم ہے جو تقریباَ ڈیڑھ برس سے جاری ہے اور آئندہ بھی جاری رہے گی تاہم کانگریسی لیڈروں نے یہ کبھی نہیں کہا کہ سپریم کورٹ ان کی اس مہم کو درست مانتا ہے۔
کانگریس ترجمان ابھیشیک منوسنگھوی نے آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں سے کہا کہ یہ نعرہ ڈیڑھ سال سے زیادہ پرانا ہے اور کانگریس صدر راہل گاندھی اور پارٹی کے دیگر رہنما مسلسل اس کا استعمال کررہے ہیں۔ اس سلسلے
میں مسٹر گاندھی نے سپریم کورٹ کو وضاحت دی ہے کہ ان کا ارادہ یہ کہنا کبھی نہیں رہا ہے کہ عدالت نے بھی کہا ہے کہ "چوکیدار چور ہے۔"
انہوں نے کہا کہ کانگریسی رہنماوں کیلئے یہ نعرہ نیا نہیں ہے بلکہ کافی پرانا ہے۔ یہ پوری طرح سے سیاسی مہم ہے اور پارٹی کی یہ سیاسی مہم آئندہ بھی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ "چوکیدار چور ہے"ایک نعرہ ہے اور اس سلسلے میں عدالت کی طرف سے وضاحت طلب کرنے پرمسٹر گاندھی نے عدالت کے سامنے اپنی غلطی تسلیم کی اور کہا کہ وہ کسی معاملے پر اپنا موقف تبدیل نہیں کررہے ہیں۔