حیدرآباد، 12 جولائی (اعتماد) چیف منسٹر ریونت ریڈی 16 جولائی کو تمام ضلع کلکٹرس، پولس کمشنرس اور ایس پیز کے ساتھ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کریں گے جو حیدرآباد میں ریاستی سکریٹریٹ میں منعقد ہوگی۔ اس موقع پر پبلک ایڈمنسٹریشن، دھرانی، زراعت، صحت موسمی بیماریاں، وانا مہوتسوم، مہیلا شکتی اسکیم، تعلیم، لا اینڈ آرڈر کے مسائل اور منشیات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ حکومت کی چیف سکریٹری شانتی کماری نے اس بات کی اطلاع دی ۔انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی
کہ ٹیکس وصولی میں سختی کرتے ہوئے ریاست کی آمدنی میں اضافہ کریں۔ چیف منسٹر نے اس بات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا کہ ریاست کے مقرر کردہ سالانہ ہدف کے مقابلے اس مالی سال کے جون تک موصول ہونے والی آمدنی اتنی امید افزا نہیں ہے۔ ووٹ آن اکاؤنٹ بجٹ میں شامل سالانہ ہدف تک پہنچنے کے لیے، ماہانہ اہداف مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ۔چیف منسٹر نے کہا کہ وہ اب سے ہر ماہ کے پہلے ہفتے میں مقررہ آمدنی کے اہداف کا جائزہ لیں گے۔ وزیر فینانس بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ ہر جمعہ کو متعلقہ محکموں کی ٹارگٹ حاصل کرنے کی پیشرفت پر میٹنگ ہوگی۔